حکومت مذاکرات کے نام پر ٹائم پاس کر رہی ہے،آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز الائنس
کوئٹہ:آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز الائنس نے کہا ہے کہ ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ مرکزی شاہراہیں مکمل بند کردیں ہم سے رزق روٹی چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹرانسپورٹرز الائنس کے صدر میں حاجی میر حکمت لہڑی، آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین حاجی عبدالقادر رئیسانی، صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، نائب صدر ولی خان اچکزئی، آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے چیئرمین عبداللہ کرد جنرل سیکرٹری عبدالباری مشوانی اور دیگر نے آل بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کے احتجا ج پر حکومتی اور اداروں کی سرد مہری اور لاپرواہی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وزرا حکام کے ذریعے مذاکرات کے نام پر ٹائم پاس کر رہی ہے۔ مذاکرات، وزرا اور اعلی حکام کے آنے جانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔سنجیدگی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ ایس او پیز اور سمنگلنگ کی روک تھام کے نام پر ہم سے ہماری رزق روٹی چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جس پر ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی وزرا کی ہمارے کیمپ آمد سر آنکھوں پر مگر انہیں مکمل اختیارات کے ساتھ بات چیت کے لیے آنا چاہیے۔ ہم اپنے جائز مطالبات سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے۔انہوں نے واضح طور پر کہا۔ کہ ائندہ چند گھنٹے مزید انتظار کے بعد ہم راہ راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔