بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ شہر کو مضر صحت گوشت سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بنادی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ شہر کو مضر صحت گوشت سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق لاکھوں مالیت کے مضر صحت مرغی کے گوشت کی سپلائی سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ جس پر اتھارٹی حکام نے کوئٹہ شہر کے مختلف داخلی راستوں پر ناکے لگا کر مبینہ طور پر پنجاب سے آنے والے مضر صحت چکن میٹ کی نگرانی شروع کردی۔دریں اثنا ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں آپریشن ٹیم نے ایئرپورٹ روڈ کلی الماس چوک کا مقام پر ایک مشتبہ مال بردار ٹرک جاتے ہوئے دیکھا گیا۔بی ایف اے ٹیم نے مشتبہ گوشت بردار ٹرک کو روکنے کا اشارہ کیا تاہم رکنے کی بجائے ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی اور ٹرک کو ایک پارکنگ ایریا میں داخل کرنے کے بعد انٹری گیٹ بند کردیا۔مزید براں بی ایف اے آپریشن ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے پارکنگ گیٹ کھول کر ٹرک کو اپنے تحویل میں لیا۔ بعدازاں ٹرک میں موجود چکن میٹ کے سیمپل لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے۔لیبارٹری رپورٹ کے مطابق پکڑا گیا لاکھوں مالیت کا گوشت انسانی استعمال کے لئے مضر صحت پایا گیا۔ بعدازاں بی ایف اے ٹیم کی نگرانی میں ناقص و غیر صحت بخش چکن میٹ کی بڑی مقدار شہر سے باہر محفوظ مقام پر تلف جبکہ ناقص گوشت کی سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔