نیشنل پارٹی عوامی سیاسی جمہوری جماعت ہے، رحمت صالح بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گری گوادر)نیشنل پارٹی کے صوبائی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر میر رحمت صالح بلوچ مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیمی امور حالیہ عام انتخابات سیاسی صورتحال ایجنڈے کا حصہ تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر رحمت صالح بلوچ صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ مرکزی انفارمیشن سیکرٹری اسلم بلوچ صوبائی خواتین سیکرٹری رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ سمیت دیگر نے کہا کہ حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ثابت ہوگئے ہیں،دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی گئی۔نیشنل پارٹی کے مینڈیٹ کو چراتے ہوئے ایسے پیرا شوٹرز کو عوام پر مسلط کیا گیا جن کو حلقوں میں دوسرا شخص نہیں جانتا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوامی سیاسی جمہوری جماعت ہے اور عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے حالیہ انتخابات میں عوام نے نیشنل پارٹی کو بھاری مینڈیٹ فراہم کیا جو نیشنل پارٹی کی فکری سیاست اور عوام دوست پالیسیوں کی کامیابی ہے۔رہنماوں نے بلوچستان میں طویل لوڈ شیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تین گھنٹے بجلی کی فراہمی بلوچستان کے عوام و زراعت سے وابستہ خاندانوں کے ساتھ ظلم و انصافی کی انتہا ہے زراعت سے وابستہ زمیندار کسان بزگرر کا معاشی قتل عام ہورہا ہے۔نیشنل پارٹی اس ناانصافی کو قبول نہیں کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان میں بجلی کی فراہمی کو زیادہ کیا جائے۔رہنماوں نے کہا کہ شدید بارشوں و سیلاب نے بلوچستان کے تمام علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے عوام شدید مشکلات میں ہے۔خورد و نوش کی اشیاء ناپید ہوچکی ہے لوگوں کے گھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے ہیں مال مویشیوں کا ہزاروں کی تعداد میں نقصان ہوا ہے۔بیماریوں سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔حکومت فوری طور پر متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے اور ریلیف بچاؤ اور بحالی کے عمل کو تیز تر کیا جائے۔رہنماوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی ملک میں جمہوریت کے استحکام آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی سیاسی عمل کو ممکن بنانے کی جدوجہد کو جاری رکھے گی اور ملک میں انتخابی اصلاحات کو ضروری قرار دیتی ہے۔اجلاس میں معروف استاد و دانشور اور قائد عوام ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے بھائی واجہ حاصل خان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس سے نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد بلوچ فنانس سیکرٹری عبید لاشاری صوبائی لیبر سیکرٹری منظور راہی صوبائی تعلیم سیکرٹری چیرمین امین بلوچ صوبائی قانون سیکرٹری جلیل لانگو ایڈوکیٹ اراکین ورکنگ کمیٹی فاروق بلوچ نواز کھوسہ آغا فاروق شاہ رحم دل بائیاں صدیق کھیتران سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس اتوار کو بھی جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے