بلوچستان میں ایک اور مغربی سسٹم داخل، صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں ایک اور مغربی سسٹم داخل ہوگیا جس کے سبب آج شام سے 27 اپریل کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔نئے سسٹم کے تحت کوئٹہ، زیارت، کوہلو، سبی اور بارکھان سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارش متوقع ہے جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پی ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، چمن کے محمودآباد، اڈا کہول، طورپل اور زمان آباد سمیت متعدد علاقوں میں متاثرین کو مدد نہ ملنے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے اور کئی علاقوں کی سڑکیں شدید متاثر ہیں۔کوئٹہ چمن سیکشن پر ٹرین سروس بدستور معطل ہے جس کی بحالی کا کام جاری ہے، اس کے علاوہ بجلی کے کھمبے گر جانے سے کئی فیڈرز پر بجلی بھی معطل ہے۔دوسری جانب بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے ہلاکتیں سوراب، پشین، چمن، ڈیرہ بگٹی، لورالائی اور کیچ میں ہوئیں، اور طوفانی بارشوں سے صوبے میں 2040 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 14 شاہراہوں اور 3 پل بھی نقصان کی زد میں آئے۔ بلوچستان بھر میں چار روز کے وقفے کے بعد بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، آج سے صوبے کے 25 اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں 24، کوئٹہ 25 اور ژوب میں درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اسی طرح بارکھان 26، پنجگور 27 جبکہ خضدار میں درجہ حرارت 25 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مغربی اور شمالی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔