محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسین کے کروڑوں روپے مالیت کے غیرقانونی اثاثوں کی تحقیقات مکمل
کوئٹہ : نیب بلوچستان نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسین کے کروڑوں روپے مالیت کے غیرقانونی اثاثوں کی تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کردیا ہے۔ ملزم نے دوران سروس ملک کے مختلف شہروں میں 30کروڑ روپے سے ذائد مالیت کے نا جائز اثاثے بنائے۔قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے ایگزیکیٹو انجنیئر مح الدین کے خلاف شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تو انکشاف ہوا کہ ملزم نے اپنے اور بے نامی دار بھائی میر صلاح الدین کے نام پرکوئٹہ، لاہور اور کراچی کے پوش علاقوں میں قیمتی بنگلے بنا رکھے ہیں۔نیب کی تحقیقات کے مطابق ملزم کوئٹہ میں بنائے گئے 4قیمتی بنگلوں جبکہ دو ڈی ایچ اے کراچی اور ڈی ایچ اے لاہور میں بنائے گئے ایک بنگلے کا مالک نکلا۔ غیر قانونی اثاثہ جات کی مجموعی مالیت تیس کروڑ سے ذائد ہے۔واضح رہے کہ ملزم مح الدین کے خلاف نیب نے جعلی بھرتیوں اور غبن کے دو الگ ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کر رکھے ہیں۔نیب بلوچستان نے ایکسین مح الدین اور بے نامی دار میر صلاح الدین کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے آج ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں جمع کروا دیا ہے۔