صوبائی کابینہ کے معاملات آئندہ دو روز تک طے ہونے کا امکان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں صوبائی کابینہ کی تشکیل معمہ بن گئی مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان تاحال کابینہ کی تشکیل پر اتفاق نہ ہوسکا،صوبائی کابینہ کے معاملات آئندہ دو روز تک طے ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کودو ماہ سے زائداور صوبہ میں میر سرفراز بگٹی کو وزیر اعلی بنے ڈیڑھ مہینہ گزر گیا لیکن صوبائی کابینہ تاحال وجود میں نہیں آسکی۔مسلم لیگ(ن) کے ذرائع نے این این آئی کو بتایا ہے کہ کابینہ نہ بننے کی بڑی وجہ مخلوط حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں میں وزراتوں کی تقسیم اور محکموں کے قلم دان پر اختلاف ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان وزراتوں کی تعداد کے حوالے سے اس وقت ڈیڈ لاک پیدا ہوا ہے کہ جب مسلم لیگ(ن) کے دو ارکان کی نشستوں پر ری پولنگ اور حب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی متوقع کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کی صورتحال پیدا ہوئی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے متعدد رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی مصروفیات اور اسلام آباد میں سعودی وفد کی آمد کے باعث کابینہ تاخیر کا شکار ہے تاہم آئندہ دو روز میں کابینہ کی تشکیل کا عمل مکمل ہوجائے گا اس حوالے سے وفاقی سطح پر مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں جلد معاملات طے پا جائیں گے،دوسری جانب سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ مخلوط حکومت میں 44کے قریب ارکان اسمبلی شامل ہیں اور حزب اقتدار کا ہر رکن وزیر بننا چا ہتا ہے جس کی وجہ سے سیاسی جماعتوں کو خاصی مشکل درپیش ہے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ارکان اپنی مرضی کے قلم دان بھی چاہتے ہیں جس کی وجہ سے معاملات مزید تاخیر کا شکار ہورہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیر اعلی نے کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے چار اپریل کی تاریخ دی مگر وہ بھی گذر گئی،اس کے بعد وزرا کے حلف اٹھانے کیلئے پندرہ اپریل کی تاریخ سامنے آئی اور وہ بھی گزر چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے