حکومت بجلی 100 روپے فی یونٹ تک لے جائیگی اور پیٹرول بھی مزید مہنگا کریگی،عمر ایوب
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 31 دسمبر تک آئی ایم ایف کا ہدف پورا کرنے کے لیے بجلی کی قیمت سو روپے فی یونٹ تک لے جائے گی جبکہ پیٹرول مزید مہنگا کرے گی۔
اسلام آباد میں سیکریٹری انفارمیشن پی ٹی آئی رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 21 اپریل کو ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، فیڈرل اور پنجاب حکومت نے اس پر پری پول دھاندلی شروع کر دی ہے، پی پی 36 پر احمد چھٹہ کے بھائی فیاض چھٹہ انتخابات لڑ رہے ہیں، احمد چھٹہ نے یہ سیٹ 38 ہزار سے زائد لیڈ کے ساتھ جیتی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت چھٹہ ہاؤس کے باہر پنجاب پولیس نے قیدی وین لگائی ہوئی ہیں اور ریلی نکالنے کی درخواست دی اس کی بھی اجازت نہ دی گئی250 سے زائد ورکرز کی موٹر سائیکلز کو ضبط کر لیا گیا، کارنر میٹنگ کے لیے گئے تو پولیس نے چھاپہ مار کر 500 کارکنان کو زدو کوب کیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ ڈاکٹر عثمان آئی جی پنجاب ایک کرپٹ آدمی ہے آئی جی اپنی فورس کا تحفظ بھی نہیں کرسکتا آر پی او شیخوپورہ کو وزیرآباد کا چارج دیا گیا ہے، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چھٹہ ہمارے امیدوار کے مخالف کا قریبی رشتہ دار ہے، کرپٹ ترین انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے یہ سب پنجاب کے دیگر حلقوں میں بھی ہونے جا رہا ہے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آج کل برازیل کے مزے لینے گئے ہیں چیف الیکشن کمشنر کو کینڈا کا سفیر لگانے کا وعدہ کیا گیا ہے، کئی پولنگ بوتھ 30 کلومیٹر دور بنا کر پری پول دھاندلی کا آغاز کیا گیا ہے، پاکستان اس طرح کی دھاندلی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے ایک ٹاک شو میں کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے ہم سے گفت و شنید کی، کورونا کے بعد پوری دنیا لاک ڈاؤن میں گئی، ایک شخص عمران خان تھا جس نے کہا یہ سب نہیں ہونے دوں گا، دنیا کی گروتھ ریٹ نیچے جا رہی تھی پاکستان میں کاروباری مواقع بڑھے، لندن پلان بنا اور پی ڈی ایم کی حکومت آگئی اور پی ڈی ایم حکومت میں معشیت کو دھڑام سے گرا دیا گیا ڈار صاحب وزیر خزانہ تھے اور گروتھ ریٹ منفی میں چلی گئی۔انہوں نے کہا کہ بے ساکھیوں پر بنی فارم 47 کی حکومت نے پہلے بجلی اور اب پٹرول مہنگا کر دیا ایک سال پہلے کہا تھا بجلی 85 روپے فی یونٹ تک جائے گی، آج بتا رہے ہیں کہ بجلی 100 روپے فی یونٹ تک جائے گی، پٹرول بم جو گرایا گیا ہے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی لگائی جائے گی۔
عمر ایوب نے کہا کہ 31 دسمبر تک 870 ارب روپے کا آئی ایم ایف کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے یہ لوگ ڈنڈی مار کر 30 جون تک 970 ارب روپے جمع کریں گے، 15 روز بعد یہ دوبارہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں گے، یہ ٹارگٹ سے زیادہ جمع کرنے کے والے جیب کترے ہیں، ڈائریکٹ ٹیکس سے آپ کا کم ہوتا ہوا کاروبار مزید سکڑ رہا ہے، بے روزگاری عروج پر جا رہی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار پنجاب حکومت نے 16 روپے کی روٹی شروع کی ان ناداں لوگوں کو گورننس کا کچھ بھی نہیں پتا، اسلام آباد یا دور دراز کے کسی تنور پر جا کر روٹی کی قیمت پوچھیںآپ کو روٹی 16 روپے اور نان 20 روپے میں مل ہی نہیں سکتا۔
عمر ایوب نے سعودیہ عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر کہا کہ سعودی وفد کو ہم خوش آمدید کہتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے سب افراد کو خوش آمدید کہیں گے، جس ملک میں آپ سرمایہ کاری کے لیے جائیں وہاں آئین و قانون کی بالادستی کو دیکھا جائے، فارم 47 کی حکومت نے گورننس کے پرخچے اڑا دئیے، جس ملک کے ججز خط لکھیں کہ خفیہ اداروں کی مداخلت ہے وہاں سرمایہ کار آتے ہوئے دس بار سوچتا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ بہاولنگر کے واقعہ میں پولیس اور فوج دونوں ملوث ہیں دونوں آپس میں گتھم گتھا ہوئے کسی جج کی سربراہی میں انکوائری کمیشن بنا کر واقعے کی تحقیقات کروائی جائیں۔