الیکشن کمیشن کے لیے مناسب نہیں تھا کہ سینیٹ انتخابات ملتوی کرے،بیرسٹر گوہر خان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرخان نے خیبرپختونخوا میں الیکشن ملتوی کرنے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے لیے مناسب نہیں تھا کہ انتخابات ملتوی کرے۔ کسی بھی سیاسی پارٹی کو جیتی ہوئی سیٹوں سے زیادہ نہیں دے سکتے، سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 720 صفحات کے دستاویزات میں نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے تھے، مخصوص نشستوں پر جو پارٹی اسٹریکچر دیا تھا اس میں سنی اتحاد کونسل کا نام شامل تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ قرار دینا کہ ہم آزاد ہیں مناسب نہیں، ہم اس مسئلے کو ٹیک اَپ کرلیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی سے انتخابی نشان ’بلا‘ لیا جا رہا تھا تو ہم نے اس وقت بھی چیف جسٹس کے سامنے مخصوص نشستوں کا معاملہ اٹھایا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ جب ہمارے سامنے یہ معاملے آئے گا تو دیکھیں گے۔ اب جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا ہے تو ہم اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، انہیں وعدہ دلاتے ہوئے ہمیں امید ہے کہ عدلیہ جلد فیصلہ کرے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 51 کے مطابق کسی بھی جماعت کو اسکی جیتی ہوئی سیٹوں سے زیادہ مخصوص سیٹیں نہیں مل سکتیں، جو 80 نشستیں زیادہ دی گئی ہیں ان میں سے 67 خواتین کی اور 11 نشستیم غیر مسلم کی ہیں۔ یہ نشتیں ہمیں یعنی سنی اتحاد کونسل کو ملنا تھیں۔ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمارے حق میں فیصلہ کرے گا۔