لڑکیوں کی تعلیم کیلئے گرلز کیڈٹ کالج کا قیام اولین ترجیح ہے،زرک خان مندوخیل
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہاہے کہ کوئٹہ میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے گرلز کیڈٹ کالج کا قیام اولین ترجیح ہے،گرلزکیڈٹ کالج بلوچستان کے مجموعی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں زرک خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کی لڑکیوں کو بااختیار اور جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعاون سے کوئٹہ میں گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کی منظوری جلد عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اعدادو شمار کے مطابق بلوچستان میں خواتین میں شرح تعلیم ملک کے دیگر حصوں کی نسبت سب سے کم ہے کیڈٹ کالج کا قیام صوبے کی لڑکیوں کو بااختیار، باشعور اور خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہاکہ کیڈٹ کالج ایک خصوصی فوجی اسکول سسٹم ہے موجودہ دور ترقی یافتہ دور ہے اس دور میں لڑکیاں آگے بڑھ رہی ہیں وہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہیں بلکہ اعلیٰ عہدے پر بھی فائز ہو رہی ہیں لیکن اطراف کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس جانب مزید کوشش درکار ہیں کسی بھی قوم و ملک کی ترقی میں عورت ایک کلیدی رول ادا کرتی ہے۔رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہاکہ کوئٹہ خصوصا میرا حلقہ پی بی 42انتخاب کافی گنجان آباد حلقہ ہے اور کوئٹہ کاوسط ہے اس لئے حلقہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہاں پرگرلز کیڈٹ کالج کا قیام انتہائی اہمیت رکھتا ہے صوبائی حکومت،وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کیڈت کالج کی جلد منظوری عمل میں لائیں گے۔