کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش،بجلی اور گیس غائب
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش اور ژالہ با ری کا سلسلہ جا ری رہا جس کے بعد بجلی اور گیس بھی غائب، شہر ند ی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا۔ جمعہ کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع ژوب،شیرانی،بارکھان،موسی خیل،کوہلو،سبی،جھل مگسی،لورالائی،زیارت،کوئٹہ،چمن،پشین،قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ جانے سے موسم خوشگوار ہو گیا، موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ شہر کے متعدد علاقوں شہباز ٹاؤن، جناح ٹاؤن، سر یاب روڈ، اسپنی روڈ، خدائیدار روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بجلی اور گیس گھنٹوں گھنٹوں غائب رہی جس کے باعث گھریلو صارفین کو افطاری کے وقت مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہفتہ کوصوبہ کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طورپر ابرآلود رہے گا۔ تاہم کوئٹہ، ژوب، بارکھان، چمن، پشین اور زیارت میں صبح کے اوقات میں تیز ہواوں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔