مہم کے دوران 8لاکھ89ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے،سید زاہد شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر)ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے گیارہ اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم بروز پیر 25مارچ سے شروع ہو گی، یہ انسدادپولیو مہم صوبے میں ظاہر ہونے والے حالیہ پولیو کے کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے حوالے سے شروع کی جارہی ہے۔مہم کے دوران 8لاکھ89ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی یہ خصوصی مہم بلوچستان کے اضلاع، چمن، ڈیرہ بگٹی،حب، لسبیلہ، نصیرآباد، سبی،جعفرآباد، کیچ، خضدار، اوستہ محمدا ورصحبت پور میں شروع کی جارہی ہے۔ مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ صوبے میں پولیو کیس کی موجودگی کی وجہ سے والدین اس خصوصی مہم میں پولیو ٹیم کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں کیونکہ اس خصوصی مہم کا مقصد حالیہ پولیو وائرس کی موجودگی کی بنا پر کیا جا رہا ہے۔ سید زاہد شاہ نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث پولیوکی اس خصوصی مہم کا آغا ز کیا جارہا ہے۔انہوں کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علما کرام خصوصی طور پر اس خصوصی مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں تین سالوں کے بعد دو پولیوکے کیسز چمن اور ڈیرہ بگٹی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز نے ہرطرح کے سخت ترین موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ہیں، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔سید زاہد شاہ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران3 ہزار378کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 2ہزار641 موبائل ٹیمیں،306 فکسڈسائٹ او ر228ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔