وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کر دی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے کرنٹ اور ترقیاتی بجٹ کے تعین کیلئے ترجیحاتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، ترجیحاتی کمیٹی اسپیشل سیکرٹری وزارت خزانہ کی زیر صدارت ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کا بتانا ہے کہ ترجیحاتی کمیٹی کے اجلاس 30 مارچ تک جاری رہیں گے، کمیٹی آئندہ مالی سال کے وفاقی کرنٹ اور ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ لگائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی رواں مالی سال کے وفاقی وزارتوں کے کرنٹ اور ترقیاتی بجٹ کا بھی جائزہ لے گی، کمیٹی آئندہ مالی سال کیلئے گرانٹس اور سبسڈی کی ضروریات کا بھی جائزہ لےگی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی وفاقی وزارتوں اور محکموں کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کا بجٹ تخمینہ بناتی ہے، کمیٹی حکومتی ترجیحات کے مطابق ترقیاتی بجٹ مختص کرنےکیلئےسفارشات تیار کرتی ہے۔