ایوان بالا میں خفیہ کیمرے لگانے کی فارنزک تحقیقات ہونگی، چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد:سینیٹ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ایوان میں خفیہ کیمرے لگانے کی فارنزک تحقیقات ہوں گی۔اسلام آباد میں آج ہوئے سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں واضح تقسیم نظر آئی، اپوزیشن کی 3 جماعتوں نے یوسف رضا گیلانی پر سوالات اٹھا دیے جس پر ایوان میں احتجاج بھی ہوا۔سینیٹر شفیق ترین نے کہا کہ ہم 3 جماعتیں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر ایوان میں احتجاج کر رہے ہیں۔
لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 12 مارچ کو ایوان میں جو کچھ ہوا وہ سب کو پتہ ہے، اس دوران ایوان میں 4 آزاد ارکان نے شدید احتجاج کیا اور اعظم نذیر تارڑ کی تقریر پر اعتراض کیا۔اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں کہا کہ آپ یہاں کا ماحول ٹھیک کرائیں، زبان ہمارے پاس بھی ہے، اس موقع پر الگ نشستیں الاٹ نہ کرنے پر دلاور خان گروپ نے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔
چیئرمین سینیٹ نے حکومتی سینیٹر فیصل جاوید کو اپوزیشن اراکین کو واپس لانے کی ہدایت کر دی۔اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے دستور ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کیا، سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے دو ایوانوں کے درمیان اختیارات کی بات ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے مقابلے میں سینیٹ کےاختیارات کم ہیں، ایوانوں کے اختیارات برابر ہونے چاہئیں، بل میں سینیٹ کے اختیارات بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ کو سینیٹ میں بولنے کا اختیار دیا جائے، سینیٹر متعلقہ علاقے سے ہو، ووٹ منتقل کرا کر دوسرے علاقے سے نہ آئے۔