فواد چوہدری کی اہلیہ حباء فواد کو بیرون ملک جانے کی اجازت
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی اہلیہ حباء فواد کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے حباء فواد کا نام نوفلائی لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن، درخواست گزار وکیل قیصر امام اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار کا نام نوفلائی لسٹ میں شامل نہیں ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کے بیرون ملک جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں، درخواست گزار وطن واپسی پر بیان حلفی دے کہ اسے بیرون ملک جانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔
عدالت نے درخواست پر مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔