پاکستان کے آئین پر عمل درآمد کیلئے ہماری جدو جہد جاری ہے،عبدالقہارودان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہارودان نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین پر عمل درآمد کے لئے ہماری جدو جہد جاری ہے ملک آئین کے مطابق نہ چلے تو مسائل زیادہ ہونگے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلو چستان اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔قہارخان ودان نے کہاکہ صدارتی انتخابات کے لئے محمود خان اچکزئی کی جانب سے پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیاتھا لیکن الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ پولنگ ایجنٹ کے لئے رکن اسمبلی ہونا ضروری ہے جس کی وجہ سے الیکشن پراسیس کو دیکھنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ پشتونخواء ملی عوامی پارٹی اور محمود خان اچکزئی کا موقف ہے کہ آئین کے مطابق ملک کو چلایا جائے پاکستان کے آئین پر عمل درآمد کے لئے ہماری جدو جہد جاری ہے ملک آئین کے مطابق نہ چلے تو مسائل زیادہ ہونگے،ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہمیں نہیں چھوڑا گیا، ہماری سیا ست دیگرصوبوں سے الگ ہے یہاں فارم 45کو 47میں ایک منٹ میں تبدیل کر دیا جاتا ہے صوبے کے ایک حالات ہیں ایک دن میں سیٹیں تبدیل ہو تی جا ری ہیں۔