نواز شریف سب سے زیادہ ناراض اور متاثرنظر آتے ہیں،حافظ حسین احمد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف سب سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں، میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننے کے لیے آئے تھے لیکن لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ہاتھ ہوگیا، شہباز شریف مولانا فضل الرحمن کو منانے سے پہلے اپنے بھائی کوتو منالیں، انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تمام جماعتوں کا موقف متفقہ ہے، دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے۔ بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ تمام جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ انتخابات دھاندلی زدہ ہیں حکومت اور اپوزیشن سمیت اڈیالہ جیل والے کا بھی یہی موقف ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے اس لیے دھاندلی کی تحقیقات کے لئے ایک کمیشن بنایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کاپانی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مولانا فضل الرحمن کو منانے سے پہلے اپنے بھائی میاں نوازشریف کو ہی منالیں کیوں کہ وہ اس وقت سب سے زیادہ ناراض اور متاثر نظر آتے ہیں، جے یو آئی رہنما نے کہا کہ میاں نوازشریف کو چوتھی بار وزیر اعظم بنانے کے لئے بلایا گیا تھا انہیں پروٹوکول سمیت عدالتوں میں رلیف دیا گیا اور اشتہارات دئیے گئے تھے کہ نواز دو لیکن یہاں نواز کے بجائے شہبازدو ہوگیا، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن میں جرات ہے اس لئے وہ کھل کر بات کررہے ہیں میاں نواز شریف بھی ایک دن کھل کر بولیں گے لیکن لندن جاکر۔