حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے آج ہرمکتبہ فکر سراپااحتجاج ہے،غلام نبی مری
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے منگل کے روز بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے زیراہتمام عبدالستار ایدھی چوک پر جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے آج ہرمکتبہ فکر سراپااحتجاج ہے،سرکاری ملازمین مہنگائی کے بوجھ تلے تنخواہوں میں اضافے جبکہ بلوچستان کے سفید ریش زمینداران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہیں،حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں،انہوں نے کہاکہ بی این پی حقیقی معنوں میں بلوچستان اور بلوچ عوام کے بنیادی حقوق،ترقی و خوشحالی،تعلیم،صحت،روزگار،سماجی انصاف کے حصول،ساحل و وسائل پر واک اختیار،حقیقی حق حکمرانی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اوراس سلسلے میں پارٹی نے ہمیشہ ہر فورم پر سیاسی اور جمہوری انداز میں صو بے میں ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز بلندکی اورپارٹی نے کبھی بھی بلوچستان کے اجتماعی،قومی مسائل کو نظرانداز نہیں کیا بلکہ اجتماعی مسائل کو اولیت دیکر یہاں کے عوام کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے کسی قسم کی قربانی،جہدوجہد کرنے اور اصولوں پر سودا بازی نہیں کی آج بھی ہم بلوچستان کے ملازمین کی جانب سے یہاں مطالبات کے حل کیلئے دھرنا دیاہے بی این پی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ متوسط اور مظلوم طبقے کا ساتھ دیاہے جس کی مثال حالیہ وفاق میں اقتدار پربلوچستان کے دیرینہ وحل طلب مسائل کو ترجیح دیتے ہوئے مراعات کو ٹکرایاہے،نااہل حکمران عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں،بی این پی کی جدوجہد کا بنیادی مقصد یہاں کے مفلوک الحال عوام کو ایک باعزت شہری اورانکے حقوق انکے گھروں کی دہلیز پر پہنچانا اورانکے وسائل صوبے میں آباد تمام عوام کیلئے برابری کی بنیاد پر خرچ کرنااور مکمل صوبائی خودمختاری ہماری جدوجہد کا اولین ہدف اورمقصد ہے۔بی این پی ملازمین کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ وہ پارٹی کو ہر مشکل وقت میں اپنے ساتھ پائینگے۔