الیکشن میں دھاندلی،پین کلر سے نہیں جنرل سرجری کرنا ہو گی،سرداراخترمینگل

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں کی گفتگو کی ہے۔

اس موقعے پر اسد قیصر نے کہا کہ ’ہمیں بانی پی ٹی آئی نے سیاسی قیادت کے پاس بھیجا ہے۔ پاکستان کی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی ہے۔ آج پنجاب کی وزیر اعلیٰ چوری کے مینڈیٹ سے بنی ہے۔اس کابینہ کی اخلاقی پوزیشن کیا ہو گی۔‘انہوں نے کہا کہ ’سردار اختر جان مینگل سے مل کر چلنے کا کہا ہے۔ ہم فری اینڈ فیئر الیکشن چاہتے ہیں ۔جی ڈی اے سمیت سب جماعتوں سے مل کر چلنا چاہتے ہیں۔‘

بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ ’کوئی شک نہیں کہ الیکشن پر منفرد سوالیہ نشان ہیں ۔الیکشن کو 20 روز گزر چکے ہیں لیکن نتائج ابھی بھی آ رہے ہیں۔‘اختر مینگل نے کہا کہ ’ہم ایک دو روز میں مشترکہ اجلاس رکھیں گے۔ الیکشن دھاندلی کا مستقل حل نکالنا چاہیں گے۔ پین کلر سے نہیں جنرل سرجری کرنا ہوگی۔ لوگوں کو حق رائے دہی نہیں دیں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔‘

بی این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’جرنیلوں کو ہم نے اپنے سر پر سوار کرلیا ہے۔ ہم ہر چیز جنرل کی چاہتے ہیں۔‘اختر جان مینگل سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو ایک نوجوان جمال رئیسانی نے شکست کیسے دے دی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’اسے فرشتوں نے ووٹ دے کر مجھے شکست دلوائی۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے