وزیر اعلی بلوچستان اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی حتمی نامزدگی تاحال نہ ہو سکی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں حکومت سازی کا عمل شروع نہ ہو سکا، وزیر اعلی بلوچستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی حتمی نامزدگی تاحال نہیں ہو سکی،پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے حکومت سازی کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نومنتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کااجلاس 28فروری کوہوگا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں 2روز رہ گئے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت اعلی کے لیے تاحال کسی کو نامزد نہیں کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اسپیکر کا عہدہ لینے کا خواہش مند ہے، جب کہ اسپیکر کے لیے ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی نے راحیلہ حمید درانی کا نام مرکزی قیادت کو تجویز کر دیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صوبائی پارلیمانی کمیٹی نے اسپیکر کا عہدہ کسی اور جماعت کو دینے کی مخالفت کی ہے، جب کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے نامزدگی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کرے گی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے اتحادی حکومت کے قیام کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے تا ہم وزارت اعلیٰ،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیلئے حتمی نامزدگی نہ ہوسکی،دونوں جماعتوں کی جانب سے ناموں پر غور جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے