عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے کی تصدیق کر دی
راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھے جانے کی تصدیق کر دی۔اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج خط چلا گیا ہو گا۔عمران خان کا کہنا تھا اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو قرضے کو واپس کون کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا چلا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے، پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا، عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا تاکہ نواز شریف کو سلیکٹ کر سکیں، نواز شریف کے لیے مجھے زیرو کیا گیا، پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گئی۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا اب کمشنر راولپنڈی کے انکشافات سامنے آئے ہیں، کمشنر کو اٹھایا گیا تشدد کیا گیا، اب اس کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف ایسا کوئی کام نہیں کرے گی جس سے ملک کی معیشت کا نقصان ہو، تحریک انصاف کا کوئی قدم جمہوریت کے خلاف نہیں ہوگا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا ہم نے کہا تھا شفاف الیکشن نہیں کرائیں گےتو معیشت کو نقصان ہوگا، یہ خود جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان کی پارٹی کی جانب سے آئی ایم کو خط لکھا جا رہا ہے جس میں عالمی ادارے کو موجودہ حالات میں ملک کو قرض نہ دینے کی درخواست کی جائے گی۔