8 فروری کو دھاندلی نہیں عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ماراگیا، حافظ حسین احمد
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما سابق سنیٹر حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی مدبرانہ پالیسی اعلان سے جمعیت علما اسلام کی صفوں کو مزیدتقویت اور عوام کے ووٹ سے کھیلنے والوں کو سخت سبق ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی نماز کے بعد جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی معاون سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے چاروں صوبوں بشمول فاٹا کے دورہ سے دورس نتائج برآمد ہوں گے، 25 فروری کو جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے جنرل کونسل کے اجلاس سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کا خطاب اہمیت کا حامل ہو گا قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کا رمضان المبارک سے قبل ملک گیر دورے سے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کی نظروں کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو دھاندلی نہیں عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ماراگیا ہے۔