جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردی۔توہین عدالت کی درخواست صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے۔ درخواست دائر کرنے والوں میں جنید مکاتی ،وجیہہ الحسن، نصرت اللہ، محمد احمد اور محمد اکبر شامل ہیں۔
توہین عدالت کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر سلطان راجہ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین کرتے ہوئے مخالف امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکشن جاری کئے، سندھ ہائیکورٹ نے ہدایت کی تھی کہ امیدواروں کو سن کر فیصلہ کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں سنے بغیر فیصلہ کر دیا جو کہ توہین عدالت ہے۔ سندھ ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کیخلاف کارروائی کی جائے۔
اس حوالے سے جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 13 فروری کو چیف جسٹس نے انتخابی نتائج کیخلاف درخواستیں نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ ان سب کو سنا جائے اور پھر فیصلہ کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے حکم عدولی کرتے ہوئے اسی رات سب کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ حکم عدولی پر الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔