بشریٰ بی بی کی بنی گالا کو سب جیل قرار دینے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم و بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالا کو سب جیل قرار دینے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کل درخواست پر سماعت کریں گے۔

یاد رہے کہ 6 فروری کو بشریٰ بی بی نے وکیل خالد یوسف چوہدری اور مشعال یوسفزئی کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی تھی، درخواست میں چیف کمشنر اسلام آباد، سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات پنجاب اور ریاست کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ 31 جنوری کو بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی، اس کے بعد بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل پہنچ کر گرفتاری کے لیے سرنڈر کیا، بشریٰ بی بی نے صبح 10 بجے اڈیالہ جیل پہنچ کر سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کیا کہ وہ خود کو گرفتاری کے لیے پیش کرنے کے لیے آگئی ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سابق خاتون اول کو صبح 10 سے رات 9 بجے تک انتظار گاہ میں ٹھہرایا گیا، رات 9 بجے کے بعد بشریٰ بی بی کو کہا گیا کہ آپ کو کسی اور جیل منتقل کیا جا رہا ہے، بشریٰ بی بی کے استفسار پر جیل حکام نے بتایا کہ خان ہاؤس بنی گالا کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔اس درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے خان ہاؤس کو سب جیل قرار دے کر وہاں منتقل کرنے کی کبھی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے