قلات کی تمام جماعتیں اور عوام 7پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کے حق میں ہیں، سردارزادہ سعید لانگو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر ساجد ترین اور جمعیت علماء اسلام کے حلقہ پی بی 36سے امیدوار سردار زادہ میر سعید لانگو نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 36کے نتائج میں دھاندلی کر کے مخالف امیدوار کو جتوایا گیا ہے، قلات کی تمام جماعتیں اور عوام 7پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کے حق میں ہیں ان پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ کروائی جائے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر بی این پی کے رہنماء اختر حسین لانگو، نیشنل پارٹی کے میر طاہر لہڑی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 36میں 7پولنگ اسٹیشنوں پر مسلح افراد کے ذریعے پولنگ کا سامان چرایا گیا اور بعد میں ان نتائج میں دھاندلی کے ذریعے ہمارے نتائج کو تبدیل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فارم 47میں میں جیت چکا تھالیکن اس کے باوجود نتائج کو تبدیل کرد یاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو دن سے ریٹرننگ افسران کو امیدوار ڈھونڈ رہے ہیں جبکہ قلات کے ریٹرننگ آفیسر پر شدید دباؤ ہے، علاقے میں عوام کو لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے سازش کے تحت یہ ڈرامہ کیا گیا ہے تا کہ آئندہ ماہ ایک جعلی سینیٹ انتخابات میں ڈمی کرداروں کو سینیٹ میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بھی مصلحت کا شکار نہ ہوں اگر ایسا ہوا تو اس عمل میں وہ بھی ذمہ دار ہونگی۔انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی اپنی جیت کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا ہے قلات میں شاہراہیں بند ہیں عوام سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قلات کے 7پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کر وائی جائے۔