گوادرمیں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی سمیت مختلف علاقوں کے پولنگ اسٹیشن میں متعدد دھماکے، دو اہلکار زخمی

گوادر(ڈیلی گرین گوادر) ضلع گوادر میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی سمیت مختلف علاقوں کے پولنگ اسٹیشن میں متعدددھماکے، دو اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق بدھ کو عام انتخابات کے موقع پر گوادر شہر اور گرد ونواح میں 14مقامات پر بم اور دستی بم کے دھماکے ہوئے۔ پولیس کے مطابق گوادر کے علاقے پلیری میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب دھماکے میں انکی حفاظت پر مامور دو لیویز اہلکار کانسٹیبل نسین اور بوہار حالی بخش زخمی ہوگئے تاہم حملے میں اسسٹنٹ کمشنر محفوظ رہے۔پولیس کے مطابق پسنی میں پولنگ شروع ہونے سے قبل دو پولنگ اسٹیشنوں کے قریب زوردار دھماکے ہوئے،پہلا دھماکہ پراھگ محلہ وارڈ نمبر7 میں ہوا،دوسرا دھماکہ بنگلہ بازار وارڈ نمبر 1 میں پولنگ اسٹیشن کے قریب ہوا،دونوں دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق شہر اور ضلع کے مختلف علاقوں میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے قریب بھی دھماکے ہوئے،دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواجبکہ ان سے پولنگ کا عمل بھی متاثر نہیں ہوا۔تحصیل جیونی کے رئیسانی بازار بوائز اسکول میں آئی ڈی پھٹنے سے دھماکہ ہوا تاہم دھماکے میں کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے