بی آئی ایس پی کے آفسران و اہلکاران خضدار میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کیلئے مہم چلا رہے ہیں،میر اسرار زہری
خضدار(ڈیلی گرین گوادر)بی این پی (عوامی)کے مرکزی صدر حلقہ این اے 256 اور حلقہ پی بی 18 سے بی این پی و نیشنل پارٹی کے مشترکہ امیدوار میر اسرار اللہ خان زہری،نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و حلقہ پی بی 19 خضدار سے بی این پی (عوامی)و نیشنل پارٹی کے مشترکہ امیدوار سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ خضدار میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر بی آئی ایس پی کے آفسران و اہلکاران خضدار میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے لئے خواتین میں مہم چلا رہے ہیں اور خواتین میں باقاعدہ یہ پروپگنڈہ پھیلا رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینگے تو بی آئی ایس پی کی رقم دگنی ہو گی وگرنہ اسے بند کیا جائے گا،اس دوران خواتین میں ہمارے مخالفین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیددوارکو ووٹ دینے کے لئے پرچیاں بھی تقسیم کی جا رہی ہیں اور انہیں بطور عطیہ فی کس دو ہزار روپے بھی دیا جا رہا ہے خضدار میں الیکشن سے قبل ہی دھاندلی کا عمل شروع کیا گیاہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلق زہری خضدار میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر سابق مئیر خضدار میر عبدالرحم کرد،صدام بلوچ،عبدالحمید ایڈووکیٹ،میر اشرف علی مینگل و دیگر بھی موجود تھے قبل ازیں میر عبدالرحیم کرد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ایک ماہ سے خضدار میں چلائی جا رہی ہے جس کی شکایت ہم نے ڈی آر او اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈویژنل آفسران کو درخواست کی شکل میں دے دی مگر افسوس اس جانب توجہ دیا اور نہ ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زمہ داران نے اپنا کردار ادا کیا آج بازگیر کے ایرایا میں ایک پرائیویٹ گھر میں بیٹھ کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چند زمہ داران خواتین میں مہم چلا رہے تھے اس دوران خواتین میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں پرچیاں بھی دے رہے تھے اور انہیں بتا رہے تھے کہ اگر آغا شکیل درانی کو ووٹ دینگے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں آپ کے پیسے دگنی ہو جائیں گے وگرنہ آپ کو جو پیسے مل رہے ہیں وہ بھی بند ہو جائیں گی پرچیاں دینے کے ساتھ ساتھ انہیں فی کس دو ہزار روپے میں بطور عطیہ دیا جا رہا تھا اس دوران نیشنل پارٹی کے ورکرز وہاں پہنچے ان سے سوال کیا وہ جواب دینے کے بجائے نیشنل پارٹی کے ورکروں سے الجھ پڑے اور اس دوران وہ اپنے ڈوایسیز چند ہزار نقد رقم چھوڑ کر وہاں سے فرار ہو گئے پریس کانفرنس میں میر اسر ار اللہ خان زہری اور سردار محمد اسلم بزنجو کا کہنا تھا کہ یوں محسوس ہو رہا ہے کہ انتخابات سے قبل من پسند امیدواروں کو جتوانے کے لئے دھاندلی شروع کی گئی ہے اور اس مبینہ دھاندلی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ادارہ باقاعدہ طور پر شامل نظر آ رہی ہے ایک ماہ قبل ہم نے اپنی خدشات و تحفظات سے ضلعی انتظامیہ اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈویژنل ڈائریکٹر کو آگاہ کیا ان کی عدم توجہ یہ ثابت کرتی ہے کہ وہ بھی اس عمل میں شریک ہیں اس کے علاوہ ملازمین کے ہمارے ووٹوں میں بھی مداخلت کی گئی ہے صورتحال سے یوں محسوس ہو رہاہے کہ جان بوجھ کر اپنے من پسندامیدواروں کو جتوانے کے لئے سازشیں کی جا رہی ہیں ہم ایسے سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دینگے خواتین کو ہم گوش گزار کرنا چاہتے ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کسی کو ووٹ دینے نہ دینے سے ختم نہیں ہو گی یہ مستحق خواتین اور ان کے بچوں کے لئے ایک امدادی ادارہ ہے جو چلتا رہے گا مستحق خواتین پریشان نہ ہوں اور نہ ہی کسی کے پروپگنڈے و بہکاوے میں آ جائیں انہوں ڈی آر او خضدار سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار اداکریں اور عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔