مسلم لیگ ن نے صرف لوٹ مار کی اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا ، شبلی فراز
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ 2.9 کھرب سود ادا کرنے کے لیے رکھے گئے، اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی سطح پر رکھنے کے لیے 23 ارب ڈالر خرچ کیے، درآمدات اور برآمدات کا فرق 20 ارب ڈالر کا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں، مسلم لیگ ن ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی، حکومت میں آئے تو زرمبادلہ ذخائر 6 ہفتے سے زیادہ کے نہیں تھے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ 20 ارب ڈالر خسارہ 8 کروڑ ڈالر کی مثبت سطح پر لے آئے، اس سہہ ماہی میں ہدف سے زیادہ ٹیکس ریکور کیے ہیں، پیٹرول کو عالمی قیمتوں پر فراہم کرنا ہوتا ہے، مہنگی بجلی کی وجہ نواز شریف حکومت کے بجلی کمپنیوں سے مہنگے سودے رہے ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت نے برآمدات نہیں بڑھائیں، صرف لوٹ مار کی اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا، ہم آئے تو عمران خان کو قرض کی ادائیگی کاچیلنج تھا، غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر 19 ارب ڈالر کرلیے ہیں، ہمارے پاس مصنوعی ریٹ برقرار رکھنے کے لیے ڈالر نہیں تھے، لیکن کرنا بھی نہیں چاہیے۔