ہماری جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی،ڈاکٹر حمیرا طارق
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور دُنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کر سکتی ۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈاکٹر حمیرا طارق ،صدر وسطی پنجاب ربیعہ طارق اور صدر لاہور عظمی عمران نےمشترکہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی ۔ کشمیری بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کشمیر کی آزادی تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام جس طرح بھارتی سرکار کے ظلم و ستم کا شکار ہیں وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ اُنہوں نے مذید کہا کہ انشاءاﷲ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری عوام امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نےکہا کہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اُصولی موقف کی تائید کر تی ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پر امن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا ۔اُنہوں نے عالمی طاقتوں پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔