دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کرسکتی، میر علی مردان ڈومکی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کرسکتی ریاست جموں و کشمیر کے متعلق حتمی فیصلہ صرف کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہی ہوگا، کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازع کا حل پاکستان کا حتمی مقصد ہے پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مکمل حصول تک ثابت قدمی سے واضح طور پر حمایت جاری رکھے گا یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ جموں و کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے جو بھارتی ہٹ دھرمی، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے تنازع حل نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پرامن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت نہیں دبایا جاسکتا حق خود ارادیت کشمیریوں کا ناقابل تنسیخ حق ہے اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل میں ان کی آواز اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر سنی جانا ضروری ہے میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے بنیادی حقوق اور حق خود ارادیت کی حمایت کرتی ہے اور یہ حمایت کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے