خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں اجتماعی افطار اور اعتکاف پر پابندی کا اعلان
اسلام آباد: حرمین شریفین کے لیے رواں سال رمضان المبارک کے لیے کورونا وبا سے متعلق ایس اوپیز جاری کردیئے گئے جس کے تحت اس سال بھی مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اجتماعی افطاری اور اعتکاف پر پابندی برقرار رہے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں مقدس مساجد کے انتظامی سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان 1442 کے لیے ایس اوپیز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مسجد الحرام میں مطاف عمرہ کا اجازت نامہ رکھنے والے متعمرین کے لیے کھولا ہوگا تاہم مطاف میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایس او پیز کے تحت :
• عمرہ متعمرین کو خانہ کعبہ چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
• حرمین شریفین کی مساجد میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
• ہینڈ سینٹائزر ہر جگہ دستیاب ہوں گے۔
• افطار دسترخوان لگانے پر پابندی ہوگی البتہ افطار پیکٹ پیش کیے جاسکیں گے۔
• حرمین شریفین میں صرف کھجور کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی باقی ہر قسم کی خوراک تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔
• مکہ میں عبادت گزاروں کو صرف شاہ عبداللہ کی توسیع والے حصے، پہلی منزل اور صحن میں عبادت کرنے کی اجازت ہوگی۔
• مطاف عام عبادت گزاروں کے لیے بند رہے گا۔
• حرمین شریفین کی دونوں مساجد میں اعتکاف پر پابندی ہوگی۔
• آب زم زم صرف انفرادی طور پر بوتلوں میں مہیا کیا جائے گا۔
• صرف 10 رکعت تراویح اور 3 رکعت وتر پڑھائی جائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ الرحمان السدیس کا مزید کہنا تھا کہ مطاف کے صحن کا ایک حصہ عمرہ زائرین کے لیے خاص ہوگا جبکہ مسجد الحرام میں 5 مصلے ہوں گے، مشرقی صحن میں بھی نماز کے لیے صفیں قائم کی جائیں گی الرحمان السدیس نے مسجد الحرام کے مترجمین کے حوالے سے بتایا کہ زائرین کے لیے حرم گائیڈ کی سہولت فراہم کی جائیں گی اور 23 زبانوں میں مفتیان کرام کے سامنے زائرین کے سوالات پیش کریں گے اور پھر ان کے جواب کا خلاصہ زائر کی زبان میں بیان کیا جائے گاالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ عمرہ معتمرین کو چاہیے کہ مسجد الحرام یا مسجد نبویؐ آنے سے قبل کورونا وائرس کی ویکسی نیشن بھی کروالیں۔