ہم سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،عبدالرحیم کاکڑ

کوئٹہ:مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات عبدالخالق آغا، نائب صدرحاجی یاسین مینگل،مرکزی انجمن تاجران و دکانداران بلوچستان کے صدر امرالدین آغا،چیئرمین ٹکری حمید بنگلزئی،ایکشن کمیٹی سریاب روڈکے چیئرمین حاجی ولی محمد لہڑی نے کہا ہے کہ ہم سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرہ دکانداروں اور رہائشیوں کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے حکومت اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائے اور متاثرہ افراد کو سریاب زمین پر دکانیں بناکر الاٹ کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کوایکشن کمیٹی سریاب روڈ کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں سریاب روڈ پر لگائے والے احتجاجی کیمپ میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ کی توسع کی زد میں سینکڑوں کی تعدادمیں دکانیں اوررہائشی مکانات آرہے ہیں حکومت کی جانب سے متاثرین کو جو معاوضہ دیا جارہا ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اسوقت سریاب روڈ پر25سے 30ہزار روپے فی فٹ زمین فروخت ہورہی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو فی فٹ 690روپے معاوضہ دیا جارہا ہے جوانتہائی کم ہے اس قیمت میں شہر تو دور کی بات کوئٹہ کے مضافات میں بھی زمین نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بغیر کسی نوٹس کے دکانوں اور مکانات کی توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے متاثرین کو معاوضہ دیتی اور پھرنوٹس جاری کرکے دکانیں اورمکانات گرائے جاتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی انہیں مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کیلئے ہر فورم پراحتجاج کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے