عمران خان کیخلاف جو فیصلہ آیا ہے وہ ہم سب کیلئے سبق آموز ہے،شہباز شریف
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے عمران خان کو 10 سال کی سزا ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات اچھے یا برے فیصلے کی نہیں ہے، بلکہ قانون کی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام”فیصلہ آپ کا عاصمہ شیرازی کیساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جب کسی کو وزیراعظم کا عہدہ ملتا تو پھر سرکاری راز کو راز رکھنا چاہیے، جس طریقے سے سائفر لہرایا گیا اس کی تشہیر کی گئی، ہماری حکومت کو بدنام اور امپورٹڈ حکومت کہا گیا۔
سیکریٹ ایکٹ ہر کسی کو پابند بناتا ہے جو قومی راز ہیں وہ سینے میں دفن رہنے چاہییں۔ عمران خان کیخلاف جو فیصلہ آیا ہے وہ ہم سب کیلئے سبق آموز ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک اینٹ نہیں لگائی بلکہ اینٹ سے اینٹ بجا دی، انہوں نے قوم کو جلاو گھیراو کی طرف لگا دیا ، بیانیے اور سازش میں زمین و آسمان کا فرق ہوتا ہے۔
9مئی کو افواج پاکستان کے خلاف سازش اور غداری کی گئی ، جنرل عاصم منیر کیخلاف غداری کی گئی ، جناح ہاوس کو جلایا گیا، کیا مہذب معاشرہ 9 مئی جیسے واقعات برداشت کرسکتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ہٹانے کی کوشش کی گئی، اگر 9مئی کونظرانداز کیا گیا تو ملک کا شرازہ بکھر جائے گا، اس دن جو ہوا جو کبھی دشمن بھی نہیں سوچ سکتا تھا۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے ٹولے نے آرمی چیف کیخلاف سازش کی، چاہتے تھے آرمی چیف کو ہٹایا جائے اور فوج میں تقسیم آئے، ان کی خواہش تھی کہ فوج میں ان کے من پسند کے لوگ آ جائیں۔کئی حاضر اور ریٹائرڈ فوجیوں کی فیملی کے ممبرز بھی ملوث تھے جسے ادارے نے پکڑا۔