کوئٹہ کے عوام کو پینے کا صاف پانی،روزگار، تعلیم،صحت کی سہولیات دیں گے، سید حسنین ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء حلقہ پی بی 43کوئٹہ سے امیدوار سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دی ہے، کوئٹہ کے عوام کو پینے کا صاف پانی،روزگار، تعلیم،صحت کی سہولیات دیں گے،ماضی کے نمائندوں کے برعکس ہم عوام میں رہتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کریں گے،عوام 8فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا کامیاب بنائیں، کارکن گھر گھر پارٹی پیغام پہنچائیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو ریلوے کالونی،کلی شیخ حسینی سمیت دیگر علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر قاسم خان اچکزئی، سردار عمران بنگلزئی، فاروق یوسفزئی، صفی اللہ مینگل، قاضی قاہر اچکزئی، ایمل خان کاسی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ عوام کی جوق در جوق حمایت یہ بات ثابت کر رہی ہے کہ 8فروری کو حلقہ پی بی 43کا انتخاب پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کی بنیاد اور محور عوام کے درمیان رہ کر انکے مسائل کو حل کرنا ہے آج کوئٹہ کا ہر شہری تعلیم، صحت، روزگار، سڑکیں، پینے کا پانی، صفائی ستھرائی مانگ رہا ہے یہ وہ مسائل ہیں جن پر گزشتہ 5سالوں کے دوران کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے نام پر ووٹ لینے والوں کے صرف اور صرف اپنے لوگوں میں نوکریاں دیں اور بعض لوگوں نے یہ نوکریاں فروخت کیں ہم وعدہ کر تے ہیں کہ کسی بے روزگار نوجوانوں کو نوکری کے لئے سفارش کی ضرورت نہیں پڑے گی ہم انکے گھروں پر نوکریاں لا کر دیں گے۔حسنین ہاشمی نے کہا کہ 8فروری کوئٹہ کے عوام کی تقدیر لکھنے کا دن ہے اس دن عوام تیر کے نشان کو ووٹ دیکر اپنی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائیں۔