کوئٹہ شہر میں گندگی کے ڈھیر اور آلودگی نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے، مولانا عبد الرحمن رفیق

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر حلقہ این اے 264کے نامزد امیدوار مولانا عبد الرحمن رفیق پی بی 44 کے نامزد امیدوار میر حشمت لہڑی حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد حاجی ولی محمدبڑیچ میر حفیظ الملک مینگل مفتی عالم گل اور دیگر نے حلقہ 44کے زیر اہتمام علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی تخلیق مذہب کیلئے ہوئی ہے،مذہب کا مقصد بلاتفریق انسانیت کی خدمت اور نیکی کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، گیس وبجلی کے نام پر اذیت دی جارہی ہے، بار بارواویلا کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا دوسری جانب شہر میں گندگی کے ڈھیر اور آلودگی نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے،سریاب، پشتون آباد اور مین بازار کے علاقوں پر کوئی توجہ ہی نہیں۔پورے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر انتظامیہ اور حکومت کے منہ پر طمانچہ سے کم نہیں، کوئٹہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں سست روی اور کمزور تعمیر نے عوام کو بیزار کرکے رکھ دیا ہے، اور یہ بھی معلوم نہیں کہ مزید اس پر کتنا عرصہ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تمام شعبوں میں کمی ہے جس کے باعث شہر میں پانی کی قلت ہے، ہسپتالوں میں ادویات نہیں ہیں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا سکھ چھین لیا ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر لاوراث بن چکا ہے، کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے کوئٹہ کے مسائل کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے