ہماری تنظیم نوجوان لڑکیوں، مذہبی اقلیتی خواتین اور خواجہ سراء کے حقوق کے لئے کام کررہی ہے،عظمی یعقوب

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)فورم فارڈ گنٹی انیشی اینٹوز کی رہنماء عظمی یعقوب نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم نوجوان لڑکیوں،نسل اور مذہبی اقلیتی خواتین اور خواجہ سراء کے حقوق کے لیے کام کررہی ہے اور جنرل الیکشن میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنایاجائے،سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں پر خواجہ سراؤں کو بھی ٹکٹ دیں۔ ملکی آبادی 49فیصد خواتین پر مشتمل ہے 2024کے انتخابات میں خواتین رجسٹر ووٹرز کی تعداد 11فیصد ہے خواتین کی تعداد 2018میں 46.73ملین سے بڑھ کر 58.47ملین تک پہنچ چکی ہے مردوں کی تعداد 2018میں 59.22ملین سے بڑھ کر 68.50ملین تک پہنچ گئی ہے۔یہ بات انہوں نے اپنی ساتھی خواتین شکیلہ ناز،شازیہ سمیت دیگر کے ہمراہ بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں خواتین، خواجہ سراؤں سمیت انتخابات کے لئے 15 نکاتی چارٹر تشکیل دیا ہے جس کا مقصد ان کی بہتری اور ان کو آنے والے وقت میں آگے بڑھنے کے لئے سیاسی جماعتوں سمیت سیاسی فورم پر رہنمائی اور مواقع فراہم کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کی نمائندگی بڑھانے کے لیے فعال طور پر کام کیاجائے۔ خواجہ سراوں کیلئے صحت،حفظان صحت پر کام کیاجائے معذور خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں سیاسی جماعتیں شامل کریں پائیدار ترقی کے عمل میں خواتین کی شرکت کوفروغ دیاجائے ایسے تعلیمی پروگراموں کا نافذ کیاجائے جو ماحولیاتی بحران اور جنس کے باہمی تعلق کو اجاگرکریں۔ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان دو چار ہے 2022ء کے سیلاب کے دوران 7200 سے زائد خواتین امدادی کیمپوں میں بچوں کی پیدائش متوقع تھی اور لاکھوں نوجوان لڑکیاں کم عمری کی شادیوں جنسی زیادتی اور دیگر مسائل سے بھی دو چار تھی سیاسی جماعتوں کو غیر امتیازی پالیسیوں کو اپنانا اور نافذ کرنا چاہئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے