عوام کی حق نمائندگی کا فرض ادا کرنے کیلئے جرات، استقامت اور قابلیت درکار ہوتی ہے، خوشحال خان کاکڑ
شیرانی+ژوب (ڈیلی گرین گوادر) ریاست اور حکومت کو خواب غفلت سے جگانے اور عوامی مسائل کے حل کی طرف مائل کرنے کیلئے پارلیمان اور پارلیمان سے باہر توانا آوازوں کی ضرورت ہے پشتونخوانیپ کے منتخب نمائندگان قومی اورعوامی حقوق کے حصول کیلئے عوام کے دلوں کی آواز بن کراس فرض کو بخوبی نبھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے شیرانی اورڑوب کے انتخابی دورے کے دوران ہسو بند شیرانی، ککشی میں ملک گل محمد کی رہائشگاہ، ککشی مسجد، تنگ سر کلی زکریازئی میں خان گل شیخ کی رہائشگاہ، کلی علیزئی، مرغہ کبزئی میں حبیب الرحمٰن کی رہائشگاہ اور کلی زاروزئی میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین رضامحمد رضا، مرکزی سیکریٹری سردار گل مرجان کبزئی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری نازک شیرانی،عبدالستار شیرانی ایڈوکیٹ، ملک قدیر شیرانی، ملک گل محمد، خان گل شیخ اور حبیب الرحمٰن کبزئی نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ اس ملک میں حکمرانی کے کمزور نظام کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولتیں ناپید ہیں اور حکومتی ادارے اپنے عوام کی خدمت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے جب تک عوام کے منتخب نمائندگان آواز بلند نہیں کرتے یا عوام خود احتجاج کر کیسہولتوں کا تقاضہ نہیں کرتے اْس وقت تک اْن کے مسائل کی حل کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے۔ عوام کی حق نمائندگی کا فرض ادا کرنے کیلئے جرات، استقامت اور قابلیت درکار ہوتی ہے اور بدقسمتی سے نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے اکثر افراد اس صلاحیت سے محروم ہوتے ہیں جبکہ پشتونخوانیپ کی ماضی گواہ ہے کہ یہ واحد سیاسی قوت ہے جس کے رہنماؤں اور کارکنوں میں یہ استعداد بدرجہ اتم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوانیپ کے نامزد اْمیدوار کامیابی کی صورت میں نہ صرف پشتونخواوطن کے عوام کی خدمت کرنے کیلئے میدان میں موجود ہونگے بلکہ ملک کے محکوم اقوام اور مظلوم عوام کے دْکھ درد بیان کرنے کیلئے اْنکی آوازبھی بنیں گے۔یہ اب ہمارے باشعور عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنی قیمتی رائے کے ذریعے کیسے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں اور اگر عوام نے ووٹ کی طاقت کا صحیح ادراک کیا اور اسے ہر لحاظ سے حقدار، مخلص، ایمانداراور جرات مند اْمیدواروں کے حق میں استعمال کیا تو مستقبل میں نہ صرف حلقے کے عوام کی صحیح نمائندگی ہو سکے گی بلکہ عوام کو درپیش گھمبیر مسائل میں کمی واقع ہونگی۔مقررین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ انتخابات کے دوران علاقے اور عوام کی مسائل سے لاتعلق عناصر بھی ووٹ بٹورنے کیلئے میدان میں اْتر آتے ہیں اور عوام کو زئی خیلی، لالچ، دباؤ، ذاتی مراعات، بلندبانگ دعوؤں اور وعدوں کے ذریعے ورغلانے میں مصروف ہوجاتے ہیں اور عوام کو اْلجھن میں رکھ کر اور عوامی طاقت کو منتشر کر کے غیر جمہوری قوتوں کی پروردہ اور عوامی مسائل سے بے خبر عناصر کی کامیابی کیلئے راہ ہموار کر دیتے ہیں اور مختلف حربوں اور سازشوں کے ذریعے حقیقی، قوم دوست، وطن دوست اور عوام دوست نمائندوں کی کامیابی کی راہ میں رْکاوٹ بن جاتے ہیں اور نتیجے میں نااہل، بے حس اور کرپٹ نمائندگان کامیاب ہوجاتے ہیں جس کی سزا عوام پسماندگی، ترقی کے ثمرات سے محرومی اور دیگر مسائل کی شکل میں خود بھگتے ہیں۔مقررین نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے اورآئندہ نسلوں کی روشن مستقبل کیلئے پشتونخوانیپ کے نامزد اْمیدواروں کی حق میں اپنا قیمتی ووٹ استعمال کریں۔