انتخابات کا انعقاد ایک قومی فریضہ،غیر حاضر عملے سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، طاہر منصور خان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان طاہر منصور خان اور کمشنر کو ئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی زیر صدارت عام انتخابات کے حوالے سے کوئٹہ ڈویژن میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اورڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسران کے علاؤہ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں ڈی آر آوز اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں کہاگیا کہ سیاسی جماعتوں اور امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایات آرہی ہیں۔لہذا تمام ڈی ایم آوز کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کراتے ہوئے شوکاز نوٹسز،جرمانے،پوسٹر ہٹانے اور وال چاکنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھائیں۔اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ جمع کریں۔الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مانیٹرنگ افسران فیلڈ میں جاکر کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائی کریں جہاں خلاف ورزی نظر آئیں جرمانے اور نوٹس جاری کریں۔تمام ڈی سیز آفسز میں کنٹرول روم کا قیام اور عملے کی تربیت کا عمل جلد از جلد مکمل کریں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ تربیت حاصل نہ کرنے اور غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عام انتخابات کے حوالے سے تمام ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی ہے جبکہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کی گئیں ہیں۔شہر میں مقررہ سائز کے برعکس بینرز،سائن بورڈ،پوسٹرز اور دیگر مواد لگانے پر سیاسی پارٹی یا امیدوران کے خلاف کارروائی کرکے انہیں ہٹائیں۔اس کے علاؤہ تمام امیدواران مقررہ سائز کے مطابق عملدرآمد کریں اور پوسٹرز،بینرز اور پنافیکس پر پرنٹرز اور پبلشرز کا نام واضح لکھیں۔کسی پوسٹر اور دیگر انتخابی مواد کو کسی سرکاری ادارے یا سرکاری ملازم کی تصویر نہ لگائیں خلاف ورزی پر انہیں نوٹس جاری کریں۔تمام سرکاری اور نجی املاک پر پوسٹرز،پارٹی جھنڈیاں اور وال چاکنگ کرنا سخت ممنوع ہے۔اس کے علاؤہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی رپورٹ کی تصدیق ضرور کریں تاکہ غلط انفارمیشن سے بچ جاسکے۔تمام ڈی آر آوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ پولنگ ڈے کو پریشانی سے بچانے کے لیے تمام تر پیشگی تیاریاں کریں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے معائنہ کار مقررہ کئے گئے ہیں جوکہ صرف ایک حلقے کے لیے مقررہ ہیں صرف اسی حلقے کے پولنگ اسٹیشنز کامعاہنہ ایس او پیز کے مطابق کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے کہاکہ انتخابات کا انعقاد ایک قومی فریضہ ہے اس حوالے سے غیر زمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں اور غیر حاضر عملے سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی لہذا تمام عملہ اپنی زمہ داری کا احساس کرتے ہوئے انتخابات کے تمام مراحل احسن طریقے سے سرانجام دیں مکمل۔اس کے علاؤہ تمام ڈی آر آوز الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے تمام ڈی آر آوز اور ڈی ایم آوز کو ہدایت کی کہ عام انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور خلاف ورزی کرنے پر فوری کارروائی کریں۔ تمام ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے نوٹسز،جرمانوں اور دیگر سرگرمیوں کی رپورٹ جمع کریں جبکہ شہر میں کس بھی پارٹی یا امیدوران کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی عدم پاسداری،پولنگ اسٹیشن کی حدود میں اسلحہ کی نمائش،متعلقہ احکام کی پیشگی اجازت کے بغیر ریلیاں اور جلسے کرنے،انتخابی مہم کے لیے سرکاری املاک اور مقامات پر پوسٹرز،وال چاکنگ اور جھنڈیاں لگانے کے مرتکب پانے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران تمام غیرمجاز پوسٹرز، وال چاکنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کو جلد از جلد ہٹائیں اس کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواران کو ہدایت کی گئی کہ وہ عام انتخابات کے حوالے سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے پر جرمانے اور قانونی چارہ جوئی ہوگی۔