عوام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ:اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے جمعہ کے روز کوویڈ سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر علی ناصر بگٹی اور اسمبلی افسران بھی موجود تھے۔ ویکسینیشن پروسس کی تکمیل کے بعد پبلک اوئیرنیس میسج میں اسپیکر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ کوویڈ سے بچاؤکے لئے عوام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جبکہ حکومتی اقدامات کے مطابق ویکسین کا عمل بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین سے متعلق سوشل میڈیا میں پھیلائی گئی افواہیں بے بنیاد ہیں اور ان مفروضوں میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ ایک حقیقت ہے جس نے پوری دنیا کو پریشانی سے دوچار کیا اب جبکہ اس موذی وباء کی ویکسین آچکی ہے اس لئے علالت کی پریشانی سے بہتر ہے کہ ویکسین کروائی جائے اور بے بنیاد پروپیگنڈوں پر کان نہ دھرا جائے۔انہوں نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی ازخود ایک اسپیشلائزڈ ڈاکٹر ہیں جنہوں نے محکمہ صحت بلوچستان کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے مسائل میں گھرے اس ڈیپارٹمنٹ کو درست سمت پر گامزن کردیا ہے جس کی بدولت غریب عوام سے براہ راست وابستہ اس محکمے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نظر آرہی ہے میر عبدالقدوس بزنجو نے عوام پر زور دیا کہ وہ کوویڈ ویکسین سے متعلق پھیلائی گئی بے بنیاد پروپیگنڈوں کے قطع نظر اپنے اور اپنے خاندان کے تحفظ کے لئے ویکسین کروائیں۔ ویکسین کے بعد اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے اسمبلی سیشن کی صدارت کی اور روزمرہ اسمبلی امور نمٹائے۔