پاک چین تعلقات علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ سوچ پر قائم ہیں،آرمی چیف

روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ سوچ پر قائم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سی پیک منصوبوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر چین کے اطمینان سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چینی نائب وزیر خارجہ کے جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل چینی نائب وزیرخارجہ سن ویڈونگ نے صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے باہمی فائدے کے لیے معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں چین کا تعاون پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے اہم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں دوست ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔اس موقع پر چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک پرانی تاریخ ہے جو مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے