سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے شوکت عزیز صدیقی کیس میں جواب جمع کرادیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے شوکت عزیز صدیقی کیس میں جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے شوکت عزیز صدیقی کیس میں اپنا جواب عدالت عظمیٰ میں جمع کراتے ہوئے عدلیہ پر اثرانداز ہونے کے الزام کو مسترد کر دیا۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی نے اپنے جواب میں کہا کہ شوکت صدیقی نے اپنی تقریر اور جوڈیشل کونسل کے سامنے کسی مبینہ ملاقات کا ذکر نہیں کیا، شوکت صدیقی خود مان چکے کہ مبینہ ملاقات میں کی گئی درخواست رد کی گئی تھی، شوکت عزیز صدیقی سے کبھی رابطہ نہیں کیا۔فیض حمید نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ شوکت صدیقی سے ملا نہ نواز شریف کی اپیلوں پر بات ہوئی، کبھی یہ نہیں کہا کہ ہماری 2 سال کی محنت ضائع ہوجائے گی۔
جواب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ شوکت عزیز صدیقی کے تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، شوکت صدیقی کے الزامات بعد میں آنے والے خیالات کے مترادف ہیں۔دوسری جانب سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ انور کانسی نے بھی شوکت عزیز صدیقی کیس میں جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں جسٹس (ر) انور کانسی نے بھی شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کو مسترد کر دیا۔اس کے علاوہ برگیڈیئر (ر) عرفان رامے نے بھی جواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا۔عرفان رامے نے بھی شوکت عزیز صدیقی کے الزامات اور ملاقات کی تردید کر دی۔