عوام کے ووٹ کی طاقت سے کامیاب ہوکر علاقائی مسائل کو حل کریں گے، روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حلقہ این اے 263کوئٹہ سے امیدوار روزی خان کاکڑ اور حلقہ پی بی 43کوئٹہ سے امیدوار سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیاب انتخابی مہم نے مخالفین کے اوسان خطا کر دئیے ہیں، عوام کی بھر پور پذیرائی بتا رہی ہے کہ حلقہ این اے 263اورپی بی 43سے فتح پیپلز پارٹی کی ہوگی، عوام کے ووٹ کی طاقت سے کامیاب ہوکر علاقائی مسائل کو حل کریں گے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو جوائنٹ روڈ پر انتخابی دفتر میں ریلوے لیبر یونین کے زیر اہتمام تقریب، کلی اسماعیل، کلی شابو، پنچ فٹی سمنگلی روڈ پر مختلف مقاما ت پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر قاسم خان اچکزئی، نسیم گشگوری، فاروق یوسفزئی، انور شاہوانی، ایمل کاسی، افضل محمد حسنی، ذوہیب محمد حسنی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ روزی خان کاکڑ اور سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کی سیاست کی ہے آج کوئٹہ کے نوجوان نشے کی لت، بے روزگاری کا شکار ہیں، شہر میں پینے کے پانی، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس، صحت، تعلیم کی سہولیات کا فقدان ہے کوئٹہ کو شہر نا پرساں بنا دیا گیا ہے یہاں کچرے کے ڈھیر اور مسائل کے انبار ہیں۔مقررین نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ کرنا اور انہیں بہتر معیار زندگی دینا ہماری ذمہ داری ہے عوام 8فروری کو تیر کے نشان پر ووٹ دیکر روزی خان کاکڑ اور سید حسنین ہاشمی کو کامیاب کریں وہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے انکی مرضی اور منشا ء کے مطابق مسائل حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوان ہیں جب انہیں تعلیم، روزگار، بہتر مستقل، کھیلوں کے میدان نہیں ملیں گے تو وہ جرائم اور منشیات کی جانب گامزن ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یہ وعدہ کرتی ہے کہ ہم نوجوانوں کو محنت، روزگار کے راستے پر ڈالیں گے اور انکے مسائل کو حل کریں گے۔ اس موقع پر کلی شابو، کلی اسماعیل، جوائنٹ روڈ، سمنگلی روڈ سے تعلق رکھنے والے عوام اور عمائدین نے روزی خان کاکڑ اور سید حسنین ہاشمی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے