پارٹی قیادت کا فیصلہ سب کو قبول کرنا چاہیے، میر چنگیز خان جمالی

ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) عام انتخابات قریب آتے ہی جعفرآباد میں پاکستان پیپلزپارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، صوبائی صدر اور حلقہ این اے 255 کے نامزد امیدوار میر چنگیز خان جمالی نے صوبائی حلقوں کے نامزد امیدواروں اور پارٹی رہنماوں کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشست پر سپورٹ نہ کرنے پر قیادت کو شکایت لگا دی، میر چنگیز خان جمالی نے ڈیرہ اللہ یار میونسپل کارپوریشن کے کونسلر راجہ خان کھوسہ کی جانب سے دی گئی چائے پارٹی میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر حاجی نثار احمد کھوسہ اور سابق صوبائی وزیر سکندر عمرانی منحرف ہوگئے اور دونوں رہنماء آزاد حیثیت میں انتخابات لڑ رہے ہیں، حلقہ پی بی 15 سے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار دوان خان کھوسہ بھی کھل کر این اے 255 پر میری حمایت نہیں کر رہے، پارٹی امیدوار اور رہنماوں کی جانب سے سپورٹ نہ کرنے پر جعفرآباد میں پیپلزپارٹی کو نقصان کو خدشہ ہے، انکا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کا فیصلہ سب کو قبول کرنا چاہیے مگر چند رہنماء قیادت کے فیصلے سے ناخوش اور پارٹی ڈسپلین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ان رہنماوں اور امیدواروں کے خلاف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو آگاہ کر دیا ہے، آئندہ چند روز میں منحرف رہنماوں اور پارٹی ڈسپلین کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کے خلاف پارٹی قیادت فیصلہ کرے گی، میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی واحد جماعت ہے جس نے اقتدار میں آکر صوبوں کو مضبوط کیا، ملک کو 73 ء کا آئین دیا، این ایف سی ایوارڈ میں چھوٹے صوبوں کو انکے جائز حقوق دیئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب مستحق اور بیواہ خواتین کو ماہانہ مالی امداد دے دی رہی ہے، 2024 کے لئے پیپلزپارٹی نے دیگر جماعتوں کے مقابلے میں جامع منشور پیش کیا جس میں نوجوانوں، مزدوروں اور کسانوں کے لئے بینظیر کارڈ کا اجراء شامل ہے، سیلاب متاثرین کے لئے30 لاکھ گھر بنائے جائیں گے، 300 یونٹ تک مفت بجلی اور دیگر حقوق شامل ہیں، عوام پیپلزپارٹی کو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے، 8 فروری کو پیپلزپارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں سے بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیاب ہوگی اور اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے اور بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں جیالے وزیراعلیٰ ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے