کوئٹہ ، بم دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت زخمیوں کی تعداد 9 ہوگئی، 2کی حالت تشویشناک
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) زرغون روڈ پردھماکا، بچوں، ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 9 زخمی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ہسپتال کے باہر کچرے کے ڈھیر میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تین بچوں، ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، دھماکے میں زخمی افراد کو کوئٹہ سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشن جواد طارق نے بتایا کہ دھماکا خیزمواد کچرے میں رکھا گیا تھا، کچرہ چننے والے بچے کچرہ چن رہے تھے کہ دھماکا ہو گیا۔ان کا کہنا تھا کہ دھماکا سیکیورٹی لیپس نہیں ہے، کچر۱ کئی روز سے پڑا تھا، مزید کہا کہ الیکشن کے حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیےگئے۔
ایم ڈی ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران نے بتایا کہ زرغون روڈ پر ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے، دھماکے کے نتیجے میں 9 زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے جن میں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹراما سینٹر میں داخل زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہیں، ٹراما سینٹر میں غیر ضروری رش سے اجتناب کیا جائے۔