کاغذات نامزدگی مسترد،عمران خان، شاہ محمود، پرویز الہی، فواد چوہدری کی اپیلیں خارج
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان، شاہ محمود قریشی، پرویز الہی، حماد اظہر، فواد چوہدری، صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں خارج کردیں۔ آر اوز اور اپیلیٹ ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف تمام درخواستوں کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
ہائی کورٹ نے پرویز الہٰی کی چار حلقوں سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف درخواست خارج کردی۔ پرویز الہٰی کے این اے 64،69 اور پی پی 32,34 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔اسی بینچ نے شاہ محمود قریشی کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی اور آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔ شاہ محمود قریشی نے این اے 150 این اے 151 اور پی پی 218 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم اس بینچ نے حماد اظہر کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی اور آر او اور ایپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہاٸی کورٹ نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسے خارج کردیا اور آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔
اسی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی اور عمران خان نیازی کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی۔ بینچ نے آر او اور ایپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔اسی طرح لارجر بینچ نے فواد احمد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی۔ فواد چوہدری نے این اے 60 اور این اے 61 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر درخواست بھی خارج کر دی، ایپلٹ ٹربیونل نے زرتاج گل کے این اے-185 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے تھے۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ایپلٹ ٹربیونل کی جانب سے این اے-50 سے ذوالفقار عباس بخاری کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست بھی خارج کر دی۔