ہم ایسی تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کا آغاز چاہتے ہیں، جام کمال خان

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور امکانات کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،یہاں گوادر بندرگاہ، معدنیات، ماہی گیری، لائیو اسٹاک، زراعت اور صنعت کاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ہم سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرنا چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمن قونصل جنرل مسٹر ہولگر زیگلر Mr Holger Ziegler سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روز یہاں ان سے وزیر اعلی ہاؤس میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی کی بھی بہت زیادہ گنجائش موجودہے جس کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے، ہم ایسی تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کا آغاز چاہتے ہیں جن سے مقامی آبادی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے اوران کی شراکت داری بھی ہو، انہوں نے ٹیکنیکل ٹریننگ،سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر پیداواری شعبوں کے لئے جرمنی کی معاونت کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ جرمن قونصل جنرل نے کہا کہ جرمنی کے سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے گا، اور سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت کی معاونت کی جائے گی۔ وزیراعلی نے جرمن قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ بھی دی جبکہ جرمن قونصل جنرل نے وزیر اعلی کو کتاب کا تحفہ پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے