عبدالخالق شیخ کی صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان سے ملاقات، انتخابات میں سیکورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔پیر کو ملاقات میں آئندہ عام انتخابات میں سیکورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لئے تیاریاں جاری ہیں تمام پولنگ اسٹیشنز پر پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکورٹی پلان بنایا جائے، انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن مکمل طور پر تیار ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ پر امن اور شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ووٹرز کی سیکورٹی کیلئے پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے صوبائی الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کے پر امن انعقاد کے لئے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری سرفراز احمد فلکی اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ بلوچستان پولیس عبدالغفار قیصرانی بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے