بلوچستان نیشنل پارٹی اور نواب محمد خان شاہوانی کا مستونگ کی سطح پر سیٹ ٹوسیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اعلان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 37مستونگ سے قبائلی رہنماء چیف آف بیرک نواب محمدخان شاہوانی کی حمایت کرنے کااعلان کر تے ہوئے پارٹی امیدوارآصف بلوچ کو انکے حق میں دستبردارکر نے اعلان کر دیا۔ یہ بات بی این پی کے مرکزی سینئرنائب صدرساجدترین ایڈووکیٹ نے پیرکونواب محمدخان شاہوانی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرسابق وفاقی وزیرآغاحسن، سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیرشاہوانی ودیگربھی موجودتھے۔بی این پی کے مرکزی سینئرنائب صدر ساجدترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ نواب محمدخان شاہوانی اوران کے قبائل نے مستونگ قلات سے قومی اسمبلی کے حلقہ 261پرسرداراخترجان مینگل کی مکمل حمایت کااعلان کیاہے جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہPB-37پرآزادامیدوارنواب محمدخان شاہوانی کو مکمل سپورٹ کریں گے،پارٹی امیدوارآصف بلوچ کوان کے حق میں دستبردارکیاہے،ہماری کوشش ہے کہ یہ اتحادانتخابات تک محدودنہ ہوبلکہ آگے بھی بلوچستان کے عوام کے مسائل کوحل کرنے کیلئے ساتھ رہیں گے۔ اس موقع پرمستونگ سے صوبائی اسمبلی کی حلقہ پی بی 37 سے آزادامیدوار نواب محمدخان شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان ہماراخطہ ہے اورہماری سیاسی جدوجہد کامقصدبلوچستان کے مسائل کا حل ہے، اس کیلئے اتحاداورسیاسی پارٹیوں کیساتھ رہے ہیں اور جن پارٹیوں کا مقصد عوام کوان کے حقوق دلانا نہ ہو ان پارٹیوں میں انصاف نہیں ہے اورسب نے دیکھاکہ کس طرح عجیب لوگوں کوٹکٹ دیاگیاان میں عوام کے حقوق اورانہیں انصاف فراہم کرنے کی سوچ ہی نہیں تھی،ہم نیک نیتی کیساتھ عوام کے حقوق کیلئے سیاست کرتے ہیں مگراس پارٹی میں جمہوریت اورانصاف وحقوق کاوجودنہیں تھااوراپنے گھرکے افرادکیساتھ انصاف نہیں کیاوہ صرف الیکشن جیتنے کیلئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کے سربراہ ودیگرقائدین نے بلوچستان کے حقوق کی باتیں کیں مگروہ صرف باتوں کی حد تک محدودرہے، اگران میں یہ سوچ ہوتی تووہ آئین کے تحت انصاف کے حصول کیلئے اسلام آبادجانے والے بچوں اورخواتین کی حمایت کرتے مگراس کی بجائے انہوں نے ان کے خلاف مہم شروع کیا، ان تمام معاملات کومدنظررکھتے ہوئے ہم نے اس پارٹی سے اپنی راہیں جداکئے اورہم ان کیساتھ نہیں چل سکتے، انہوں نے کہا کہ سردارعطاء اللہ مینگل نے جرات کیساتھ بلوچستان کے حقوق کی بات کی اورسرداراخترمینگل بھی جدوجہدکررہے ہیں، بلوچستان کے مسائل کاحل اورحقوق کے حوالے ہم ایک دوسرے کے ہم خیال ہیں، میں چیئرمین آصف کامشکورہوں کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے فیصلے کوتسلیم کیا، مستونگ قلات سے قومی اسمبلی کی سیٹ پرسرداراخترجان مینگل اوردیگرعلاقوں میں بھی بی این پی کے امیدواروں کوکوبھرپورسپورٹ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے