ہمیں جیت کے ہدف کے ساتھ ہی الیکشن مہم میں حصہ لینا ہے، ڈاکٹر حمیرا طارق
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) جماعت اسلامی کا منشور اسلامی نظام کے نفاذ کے ذریعے جنت کا حصول ہے۔ ہمیں جیت کے ہدف کے ساتھ ہی الیکشن مہم میں حصہ لینا ہے اور عوام کے ذہنوں میں ترازو کو راسخ کرنا ہے۔ جماعت اسلامی جمہوری روایات کی امین ہے ،ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے وزیر آباد ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کلچر کے خاتمے کے لیے صالح قیادت کو اقتدار میں لانا ضروری ہے ملک کی 2 فیصد اشرافیہ ساری دولت لوٹتی ہے اور غریب مزید غریب تر ہو جا تا ہے۔ہم جن کو ووٹ دے کر ایوانوں تک پہنچاتے ہیں ان کے غلط فیصلوں کی ذمہ داری بھی منتخب کرنے والوں پر آتی ہے۔ الیکشن کے دن خواتین کو گھروں سے نکالنا انہیں پولنگ بوتھ تک پہنچانا، ان سے ووٹ ڈلوانا ہے اور پورے دن کھڑا رہنا ایک جہد مسلسل ہے۔ پاکستان کو کرپشن، نا انصافی بدامنی اور بے حیائی کی دلدل سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کے کارکن کو پورےجذبہ کے ساتھ میدان عمل میں اتر کر اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہو کر اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد میں حصہ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے مذید کہا کہ اب پاکستان میں اسلامی نظام کا قیام ناگزیر ہے ۔کنونشن سے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثمینہ سعید،ناظمہ ضلع وزیر آباد فرح عرفان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ۔ کنونشن کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کی ساتھ ہوا #