شمالی وزیرستان میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت اطمینان بخش ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران کے دنوں میں شمالی وزیرستان میں گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ایک انتہائی خوش کن اور اطمینان بخش خبر ہے گزشتہ کچھ عرصے سے توانائی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے پاکستان کو صنعتی اور گھریلو صارفین کے استعمال کے لئے گیس کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے صنعتی ترقی اور پیداوار کے لئے بجلی اور گیس کی سپلائی کا بلا تعطل جاری رہنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادرنے کہاکہ شمالی وزیرستان کے دریافت ہونے والے گیس کے ذخائر سے ابتداء میں یومیہ 6 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی ان ذخائر کی دریافت سے ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لئے بھی آسانیاں پیدا ہونگی اور صنعتی شعبے میں پیداواری اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی یوں پاکستانی مصنوعات بڑے پیمانے پر برآمد کرنے کے قابل ہو سکیں گی جب سے بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے تب سے صنعتی صارفین اپنی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل نہیں کر سکے اور انکی مصنوعات عالمی منڈیوں سے باہر ہوتی گئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ملک کے طول و عرض میں گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کو بڑھانا ہو گا شمالی وزیرستان میں موجود گیس ذخائر سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں جنہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں پاکستان کی نامور گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں سی پیک پاکستان کی معاشی لائف لائن بن چکا ہے سی پیک پر قائم کئے جانے والے اقتصادی زونز کو اپنے پیداواری اہداف حاصل کرنے کے لئے سستی اور وافر مقدار میں گیس کی ضرورت ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ سی پیک اقتصادی زونز کو سستی اور وافر مقدار میں گیس کی فراہمی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنے مختلف منصوبوں کے لئے توانائی کی فراہمی حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے سی پیک منصوبوں پر اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں اگر توانائی کی قلت کا سامنا کریں گی تو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں تعطل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے اکیسویں صدی میں پاکستان کو متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس میں توانائی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے حکومت کو چاہئے کہ گیس کی دریافت کے لئے ہنگامی بنیادوں پر توجہ مرکوز کرے تاکہ آمدہ دنوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے