تمام یونیورسٹیز کو درپیش مالی مسائل کا مستقل حل نکالنے کیلئے ہم ایک جامع حکمت عملی پرعمل پیرا ہیں، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو درپیش مالی مسائل کا مستقل حل نکالنے کیلئے ہم ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں لیکن یہ بات طے ہے کہ حکومت کی بھرپور معاونت سے ہی بلوچستان کو ایجوکیشن سیکٹر میں دوسرے صوبوں کے مساوی لانے کا دیرینہ خواب پورا کیا جا سکتا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ یونیورسٹی کی سطح پر بھی ہم اپنے اخراجات کم کرنے اور آمدن بڑھانے کے نئے ذرائع پیدا کریں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو گورنر ہاوس کوئٹہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ سردست بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو درپیش مالی مشکلات سے نجات دلانے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو خودکفالت کی راہ پر گامزن کرنا ایک مشکل کام ہے لیکن حکومت کی معاونت اور یونیورسٹی کی سطح پر آمدن بڑھانے کے نئے ذرائع پیدا کرنے کی صورت میں بہت جلد درپیش مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ کسی بھی نئے اعلیٰ تعلیمی ادارے کے مقاصد کا درست تعین ہی اصل منزل کی نشاندہی کرتا ہے لہٰذا ہمیں اپنی منزل تک پہنچنے اور ترقی کی نئی منازل تیزی سے طے کرنے کیلئے مالی انتظامات اور انسانی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ملک عبدالولی خان کاکڑ نے اس بات پر یقین کا اظہار کیا کہ بہت جلد ہم تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے بجلی کے روایتی نظام کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ ہر یونیورسٹی کے احاطے میں دستیاب اضافے اراضی کو زیر کاشت بنانے کیلئے بھی متعلقہ ماہرین سے مدد اور رہنمائی لی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے